لاہور: پولیس افسران 25مئی کے واقعے پر انتقامی کارروائی سے خوفزدہ ہو گئے، جس کے باعث وہ بیانات دینے سے گریز کررہے ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے 25مئی کے واقعے پر 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی، جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور کریں گے جبکہ ایس ایس پی ایڈمن ، ایس پی ڈسپلن اور ایس پی سکیورٹی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی کی جانب سے 25مئی کو ڈیوٹی پر موجود ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو طلب کیا گیا اور ان کے ڈیوٹی پوائنٹس کے علاوہ 25مئی کے واقعے سے متعلق سوال کیے گئے۔
کمیٹی کی جانب سے تمام افسران کو تحریری بیان دینے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم افسران انتقامی کارروائی کے خوف سے تاحال تحریری بیان دے سے اجتناب کرر ہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولیس افسران کا کہنا ہے کہ اعلی افسران کو بچانے کے لیے ملبہ نچلے افسران پر ڈالا جاسکتاہے، جس کے باعث خدشہ ہے کہ ہمیں انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔
واضح رہے کہ اعلی افسران نے 25 مئی واقعے کے سلسلے میں متعدد ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو تاحال فیلڈ سے نہیں ہٹایا ۔
