English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

طوفانی بارشوں سے پورے ملک میں تباہی،فصلیں اور متعدد بیراج تباہ

القمر

طوفانی بارشوں اور سیلاب نے پاکستان میں کراچی سے لیکر گلگت بلتستان تک ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کے ساتھ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، عوام کھلے مقامات پر زندگی گزارے پر مجبور ہیں جبکہ ہیضے اور پیٹ کی تکلیف سمیت قسم کی بیماریاں بھی جنم لینے لگی ہیں۔

نوشہرہ کے علاقہ خویشگی پایاں میں دریائے کابل کے حفاظتی پشتے ٹوٹنے سے پانی قریبی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث خویشگی پایاں کے رہائشی گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔

دیامر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش اور سیلاب کا پانی سڑکوں اور کھیتوں میں کھڑا ہونے سے مکانات اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دیامر ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے شاہراہ قراقرم متعدد مقامات پر بند کر دی گئی ہے جبکہ تانگیر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی سامان بھجوا دیا ہے، امدادی سامان میں خیمے، ترپالیں اور خوراک کے پیکٹ شامل ہیں۔

بلوچستان میں سیلابی ریلوں سے مزید 6 ڈیم ٹوٹ گئے جبکہ صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 241 تک پہنچ گئی ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق سیلاب کی وجہ سے زیارت، پشین اور مستونگ کے علاقوں میں کئی آبادیاں ڈوب گئی ہیں، واشک، خضدار اور بولان میں بجلی کے مین ٹاور گرنے سے علاقوں میں بجلی بند ہو گئی اور موبائل فون سروس کے ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی بند رہی۔

صوبائی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ سیلابی ریلوں نے صوبے میں ایک ہزار کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت سے سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں 3 روز سے جاری بارش کا سلسلہ تو تھم گیا ہے لیکن ہر جگہ کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے عوام کی مشکلات برقرار ہیں۔

لاڑکانہ میں پانی جمع ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کی صورتحال ابتر ہے، بارش کا پانی سیشن کورٹ کی عمارت اور چانڈکا پروفیسر کالونی میں بھی موجود ہے، ڈی سی ہاؤس، سی ایم سی ٹیچنگ اسپتال اور چانڈکا میڈیکل کالج زیر آب آ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف آج ایک بار پھر سیلابی صورتحال کے جائزے کے لیے سندھ کے ضلع سجاول پہنچ گئے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے