ترکی سے انسانی امداد کے سامان سے لدے مزید 2 طیارے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ترکی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا پیج سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "سیلاب زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کے لئے انسانی امداد کے طیارے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ہم ایک دفعہ پھر سیلاب کی وجہ سے اپنی جانوں سے محروم ہونے والے پاکستانی بہن بھائیوں کے لئے اللہ سے رحمت و مغفرت کی دعا کرتے اور مرحومین کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔ ہم زخمیوں کی فوری صحتیابی کے متمنی ہیں”۔
ترکی کی آفات و ہنگامی حالات انتظامیہ AFAD نے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کو خیموں اور انسانی امداد کی فراہمی کے لئے "فضائی پُل” قائم کر دیا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں 10 ہزار خیموں، 50 ہزار خوراک کارٹنوں، 50 ہزار حفظانِ صحت کے سامان اور 10 ہزار بچوں کے دلیے پر مشتمل امدادی سامان بھیجنا شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان قومی آفات انتظامیہ ایجنسی NDMA نے 14 جون سے لے کر اب تک جاری مون سون بارشوں کے پیدا کردہ سیلابی ریلوں کی وجہ سے 1000 سے زائد اموات کا اعلان کیا تھا۔
شدید بارشوں کی وجہ سے 9 لاکھ 92 ہزار 871 مکانات کو نقصان پہنچا اور 7 لاکھ 27 ہزار 144 مویشی تلف ہو گئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے تقریباً 3 کروڑ30 لاکھ46 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4 لاکھ 98 ہزار 442 سیلاد زدگان امدادی کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں