کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں الخدمت کے مرکزی امدادی کیمپ سے سیلاب زدگان کے لیے جاری امدادی سرگرمیوں اور اندرون سندھ کے متاثرین کے لیے درجن بھر امدادی ٹرکوں کو روانہ کردیا گیا۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سیلاب کے باعث پیدا شدہ سنگین صورتحال میں اہل کراچی، اندرون ِ سندھ و بلوچستان کے عوام کو ہر گز تنہا نہیں چھوڑیں گے، جماعت اسلامی نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ سندھ و بلوچستان کے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے بھی ماضی کی طرح آگے بڑھ کر کام کریں گے، حکمران بیرونی امداد اور فنڈز جمع کرنے کی دوڑ میں لگنے کے بجائے متاثرین کے ریلیف،بحالی و آباد کاری کے لیے عملی اقدامات کریں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اندرون ِ سندھ جگہ جگہ متاثرین امداد نہ ملنے کی وجہ سے احتجاج اور صوبائی وزراء و حکومتی ارکان اسمبلی کا گھیراؤ کر کے اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں جو سندھ کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ اور نوشتہ دیوار ہے۔الخدمت کراچی، میر پور خاص، جھڈو، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، نوشہروفیروز، بدین،بیلہ، وندر، خضدار اور کوئٹہ میں قائم امدادی مراکز میں غذائی اجناس، ادویات، خیمے ترپالیں و دیگر امدادی اشیاء و ضرویات زندگی مہیا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکھر میں ایک میگا کچن سمیت کئی مقامات پر الخدمت کچن دن رات کام کررہے ہیں اور روزانہ ہزاروں متاثرین کو پکا پکایا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔متاثرین میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل ہیں جن کی ضروریات کے لیے بھی خصوصی طور پر انتظامات کیے گئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران جمعرات کو اندرون ِ سندھ روانہ ہوں گی، متاثرہ علاقوں میں الخدمت کے تحت ریلیف ورک کا پورا نیٹ ورک قائم ہے اور متاثرین کی تعداد اور ضروریات کے مطابق امدادی اشیاء اور غذائی اجناس تقسیم کی جارہی ہیں۔
