English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

"نیکی ٹرین" ترکیہ سے امدادی سامان کے ساتھ پاکستان کے لیے روانہ

القمر

سیلاب سے بری طرح متاثر  پاکستان کے لیے آفات و ہنگامی صورتحال  ڈائریکٹریٹ AFAD  کے زیر اہتمام  یکجا ہونے والی  شہری تنظیموں  کے تعاون سے  تیار کردہ انسانی امداد پر مشتمل   "نیکی ٹرین”  کل انقرہ سے روانہ ہو گئی۔

خوردنی اشیا، ملبوسات اور حفظان صحت کے سازوسامان  لادی گئی "نیکی ٹرین” کے لیے  انقرہ کے تاریخی  ریلوے اسٹیشن پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں  آفاد کے   چیئرمین یونس سیزر،  ترکیہ ریلوے  کے ڈائریکٹر جنرل افق یالچن اور پاکستان کے انقرہ میں سفیر محمد سائرس سجاد قاضی  اور شہری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

آفاد  کے  چیئر مین  یونس سیزر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے پاکستانی عوام کوشدید  مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، ملک میں ایک ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں   اور لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ  ترکیہ نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے امداد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کے ساتھ تین طرح کے  پل قائم  ہیں پہلا پُل  قلبی ہے جبکہ دوسرے  دو پُل  فضائی اور ریلوے  کے ذریعے امداد روانہ کر رہے  ہیں۔

سیزر کا کہنا تھا کہ آفاد کی  امدادی ٹیمیں  اور شہری تنظیموں کے نمائندے اس وقت پاکستان میں  امدادی سرگرمیوں  میں ہاتھ بٹا رہے ہیں،  ہم متاثرہ خطے کو 10 ہزار خیمے  پہنچانے کا ہدف رکھتے ہیں، اس  مال گاڑی پر 3 ہزار  ٹینٹ، خوردنی اور انسانی امدادی  سامان  لادا گیا ہے۔ یہی  عمل فضائی راستے  بھی سر انجام دیا جا رہا ہے۔

ترکیہ ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل افق یالچن نے بھی اس موقع پر سیلاب کی آفت میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین    سےاظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ  اسوقت کٹھن ترین حالات سے گزرنے والے پاکستان کے دکھ و درد کو ہم دلی کی اتھاہ گہرائیوں سے محسوس کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا  ہماری تمنا ہے کہ شہری  تنظیموں کے تعاون سے جمع کردہ امدادی سامان پاکستانی بھائیوں کے زخموں کو مندمل کرنے میں  معاون ثابت ہوگا۔

سفیر پاکستان  محمد دسائرس سجاد قاضی نے انسانی امداد  روانہ کرنے پر   ترکیہ کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ  اور پاکستان کے باہمی تعلقات  نہ صرف  ریاستوں کے مابین  ہیں بلکہ بیک وقت بین الاعوامی  بھی ہیں،  ترکیہ ہمیشہ  ہماری مدد کو دوڑنے والا پہلا ملک ثابت ہوا ہے۔

بعد ازاں  دعائیں مانگتے ہوئے  "نیکی ٹرین” کو الوداع کہا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے