English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں  عطاتارڑ کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی

القمر

لاہور: سیشن عدالت نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

نجی ٹی وی کے مطابق عدالت نے قلعہ گجر سنگھ پولیس کو  عطا تارڑ کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے عبوری درخواست ضمانت 14 ستمبر تک منظور کر لی۔ عدالت نے عطا تارڑ کو شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔عدالت نے 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض عبوری درخواست ضمانت منظور کی۔

ایڈیشنل سیشن جج یاسین موہل کی عدالت میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ پیش ہوئے۔فاضل جج نےریمارکس دیے کہ تارڑ صاحب! آپ پر تو الزامات لگے ہوئے ہیں۔ جس پر عطا تارڑ نے عدالت کو بتایا کہ مجھ پر ڈپٹی اسپیکر پر حملے کا الزام لگایا گیا ہے۔ میں تو اس دن اسمبلی میں موجود ہی نہیں تھا۔ یہ سب سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں لاہور کی سیشن عدالت میں فرہاد علی شاہ اور رانا اسد اللہ کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی، جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس نے پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں نامزد کر دیا ہے جب کہ میں ریکارڈیافتہ نہیں ہوں۔ پولیس نے بدنیتی کی بنیاد پر نامزد کیا ہے ۔

عطا تارڑ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، خدشہ ہے پولیس گرفتار کر لے گی۔ عدالت عبوری ضمانت منظور کرکے پولیس کو گرفتاری سے روکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے