English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیلاب زدہ علاقوں میں سرکاری امداد کی شفاف تقسیم کا نظام بنایا جائے،لیاقت بلوچ

القمر

لاہور: قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں سرکاری امداد کی شفاف تقسیم کا بااعتماد نظام تشکیل دیا جائے۔

منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ساڑھے 3 کروڑ افراد متاتر ہوئے ہیں جب کہ ساڑھے 18 کروڑ اللہ تعالیٰ کے کرم کی وجہ سے محفوظ ہیں، اگر ملک میں مواخات مدینہ کی طرز پر نظام تشکیل پا جائے تو ہمیں کسی بھی حادثہ کی صور ت میں غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا بیشتر علاقہ فالٹ لائن پر موجود ہے، جہاں کبھی بھی بڑے حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ریلیف کے کاموں کو منظم کرنے کے لیے تمام قومی اداروں، وفاقی، صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل موثر نیٹ ورک اور قومی ایکشن پلان تشکیل دیا جائے تاکہ خدانخواستہ آئندہ کسی حادثہ کی صورت میں انتظامی اخراجات سے بچا جا سکے اور متاثرین کی بروقت امداد بھی ممکن ہو سکے۔

جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن تاحال 6 ارب روپے کے امدادی فنڈز سے سیلابی علاقوں میں ریلیف کام سرانجام دے رہی ہیں، ہمارے ہزاروں رضاکار متاثرہ علاقوں میں خوراک، پانی، ادویات اور خیموں کی بروقت فراہمی کو ممکن بنا رہے ہیں۔ مخیر حضرات اور بیرون ملک پاکستانیوں کی متاثرین کی مدد کے لیے تاحال کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بڑھ چڑھ کر اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرے۔ سیلابی علاقوں میں خصوصی طور پر حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے میڈیکل کیمپ تشکیل دیے جائیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں، قومی قیادت کو اپیل کرتے ہیں کہ وہ کم از کم اس مشکل وقت میں اپنی ذمہ داری نبھائے اور لوگوں کی مدد کرے۔

نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ناظم شعبہ مالیات نذیر احمد جنجوعہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ موجودہ سیلاب میں اگرچہ انسانی جانوں کا ضیاع کم ہوا ہے مگر مال مویشی، فصلوں اور انفراسٹرکچر کے نقصانات 2005ءکے زلزلہ اور 2010ءکے سیلاب سے کہیں زیادہ ہیں۔ سیلاب سے تعلیمی ادارے، مساجد اور مدارس بھی بڑی تعداد میں متاثر ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے