اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف لمبی کارروائیاں شروع ہونے والی ہیں،عمران خان کے جلسوں میں بیانات سے آرمی چیف کی تعیناتی کے عمل کو نقصان ہوگا۔
وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کی پالیسیوں سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا،گزشتہ چار ماہ میں عمران خان معیشت اور دفاع پر اٹیک کررہے ہیں ، عمران خان تھری اسٹار افسروں میں ایسے افسران کی موجودگی کا دعوی کررہے ہیں جو کرپشن کو تحفظ دیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کسی سیاستدان کا تحفظ فورسز کی ذمہ داری نہیں، عمران خان سمیت کسی کو فوجی قیادت پر متنازع بات نہیں کرنی چاہئے ، عمران خان نے جلسے میں آرمی چیف کی تعیناتی پر بات کی، جب جلسے میں یہ معاملات لائے جائیں گے تو اس تقرری کے عمل کو نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے قیام پاکستان سے اب تک معیشت اور دفاع کو ہدف رکھا، عمران خان نے بھی انہی دو کو ٹارگٹ کیا ، عمران خان کی پالیسیوں سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔