اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کو آخری موقع دیا ہے اور شہباز شریف کو عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چو ہدری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور عمران خان کی کال پر لانگ مارچ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیں گے، کور کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ سے متعلق معاملات پر غور ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کی پارٹی قیادت سے مشاورت کر لی ہے اور حکومت کو ہم نے آخری موقع دے دیا ہے۔
شہباز شریف کو عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے،ہم نے جلد انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے اب حکومت مطالبہ مانے اور اگر حکومت مطالبات نہیں مان رہی تو ہمارے پاس کون سا راستہ باقی رہ جاتا ہے۔
