English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نگران وزیراعلی پنجاب کے لیےتحریک انصاف کا دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا فیصلہ

القمر

پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کی نامزدگی کے معاملے پر تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی نے عمران خان سے ملاقات کی ہے اور ان سے مشاورت کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کو دو نام بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ملاقات میں نگران وزیراعلی کے لیے تحریک انصاف کے تین ناموں پر تفصیل سے جائزہ لیا گیا ان ناموں میں احمد نواز سکھیرا، نوید چیمہ اورنصیرخان کے نام شامل ہیں۔

پارٹی کے چیئرمین عمران خان سے مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کو دو نام بھیجنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا متحمل نہیں ہوسکتا، حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی ہے، صاف، شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی بہترین شہرت و صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے، عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت دینا حماقت ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضہ پورا کرکے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا حق دیا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب پر مشاورت کیلئے کمیٹی قائم ہوچکی ہے، حکومت اور اپوزيشن کمیٹی کو دو دو نام بھیجیں گے، کمیٹی کو تین دن میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے کرنا ہوگا، ایسا نہ ہونے کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا جو ان ناموں میں سے کسی ایک کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کردے گا۔

یاد رہے کہ (ن) لیگ کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر احد چیمہ اور محسن نقوی کےنام بھجوائے گئے تھے۔

خیال رہے کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اپوزيشن کے پاس مشاورت سے معاملہ حل کرنے کا وقت گزشتہ 17 جنوری کی رات 10 بجے تک تھا۔ اتفاق نہ ہونے پر اب معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا گیا ہے جو حکومت اور اپوزيشن کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائيں گے۔

کمیٹی کی تشکیل کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی کواپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے ملک ندیم کامران، حسن مرتضیٰ اور ملک احمد خان کے نام بھجوائے ہیں، جبکہ تحریک انصاف نے بھی پارلیمانی کمیٹی کیلئے راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال اور ہاشم جواں بخت کے نام سپیکر کو بھجوا دیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے