قاہرامان ماراش میں 7٫7اور 7٫6 کی شدت کے زلزلوں کے بعد مملکتوں کے سربراہان کی جانب سے صدر رجب طیب ایردوان کو اظہارِ ہمدردی کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
کرغزستان کے صدر صدر جاپاروف نے صدر ایردان سے فون پر رابطہ کرتے ہوئے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا، ان کے لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی۔
الجزائر کے صدر عبدالمجید طبون نے بھی صدر ایردوان کو فون کیا اور زلزلے کے حوالے سے اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں اور تعاون کی پیشکش کی۔
طبون نے زور دیتے ہوئے کہا کہ الجزائر ،ترک عوام کے سر پر پڑنے والی اس آفت پر قابو پانے کے لیے "برادر ملک ترکیہ” کے ساتھ کھڑا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدارتی محکمہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز، برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک، ڈچ وزیر اعظم مارک روٹ اور آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پاشنیان نے بھی زلزلے میں جان بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کی دعا کی۔
افریقہ ممالک سے بھی زلزلہ زدگان سے متعلق تعزیتی اور تعاون کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں:
سوڈانی خودمختار کونسل کے صدر اور فوج کے کمانڈر جنرل عبدالفتاح البرہان، چاڈ کے صدر محمد ادریس دیبی اتنو، یوگنڈا کے صدر یوویری میوزیوینی، جمہوریہ کانگو کے صدر ڈینس ساسو این گیسو، جنوبی سوڈان کے وزیر خارجہ میئک آئی ڈینگ، چاڈ کے وزیر خارجہ محمود علی یوسف اور موریطانیہ کی وزارت خارجہ نے بھی زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمناوں کا اظہار کیا ہے۔