کراچی: پاپوش نگر سے انسانی دھڑ اور دیگر اعضا ملنے کے کیس میں مقتول کی شناخت کے بعد اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقہ پاپوش نگر سے انسانی دھڑ اور دیگر اعضا ملنے کے کیس میں مقتول کی شناخت کے بعد کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اعضا کی صورت میں ملنے والے شخص کی شناخت مقتول شہباز اچکزئی کے نام سے ہوئی جو پیر آباد فرنٹیر کالونی کا رہائشی تھا، جب سے شہباز لاپتہ ہوا تھا اس وقت سے اس کی بیوی بھی غائب ہے اور شہباز کو گھر کے اندر مارے جانے کے شواہد ملے ہیں تاہم گھر کو دھو دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بیوی کا غائب ہوجانا پراسرار ہے، اس کی جانچ کی جارہی ہے کہ وہ کہاں ہے اور کیوں غائب ہے۔ قتل میں زیادہ لوگوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے اور اس کی جانچ شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ شہباز اچکزئی نامی شخص کے جسم کے مختلف اعضا پاپوش نگر قبرستان اور بنارس کے قریب سے ملے تھے، مقتول کی شناخت اس کے ملنے والے ہاتھ کی مدد سے ہوئی۔