کراچی: کراچی پولیس آفس کے دفتر پر مسلح افراد نے حملہ کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق شاہراہ فیصل پر قائم کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر مسلح افراد کے داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
کے پی آفس کے قریب شدید فائرنگ کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی آئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی فائرنگ کے بعد اہلکاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی جبکہ دیگر تھانوں سے نفری بھی طلب کرلی گئی ہے اور اہلکار مورچہ زن ہوگئے ہیں۔
علاوہ ازیں پولیس کمانڈوز کو بھی کے پی آفس طلب کرلیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی تصدیق
ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کے پی آفس پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار دہشت گردوں سے مقابلہ کررہے ہیں جبکہ رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔
سرچ آپریشن شروع
کے پی آفس میں ایس ایس یو کمانڈوز اور رینجرز حکام داخل ہوگئے ہیں جبکہ دفتر کی بجلی بند کردی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایڈیشنل آئی جیز کے دفتر پر مبینہ حملے کا نوٹس لیتے ہوئے مختلف ڈی آئی جیز کو اپنی زون سے ضروری پولیس فورس بھیجنے کی ہدایت کردی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے فوری طور پر ایڈیشنل آئی جی کے دفتر پر حملے کے ملزمان گرفتار چاہیے، کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں، مجھے تھوڑی دیر کے بعد متعلقہ افسر سے واقعے کی رپورٹ چاہیے۔
