فرانس کے صدر امانوئیل ماکرون نے ریٹائر منٹ کی عمر کو 64 سال تک بڑھانے اور ملک میں اجتماعی احتجاجی مظاہروں کا سبب بننے والی ریٹائر منٹ اصلاحات کا دفاع کیا ہے۔
ماکرون نے وال۔ڈی مارن کے شہر رنگیس میں واقع دنیا کی دوسری سب سے بڑی تھوک پرچون غذائی منڈی کا دورہ کیا اور بیانات جاری کئے ہیں۔
انہوں نے دعوی کیا ہے کہ ملک میں ہر کوئی اس بات سے متفق ہے کہ کام کرنے کی عمر کچھ زیادہ لمبی ہونی چاہیے۔ ریٹائر منٹ سسٹم کی فعالیت کے لئے ایسا کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے لیبر یونینوں کی طرف سے 7 مارچ کو ریٹائر منٹ اصلاحات کے خلاف اجتماعی ہڑتال کی اپیل کے بارے میں ہر ایک سے عقلِ سلیم اور تحّمل سے کام لینے کی درخواست کی ہے۔
ماکرون نے ریٹائر منٹ کی عمر کو 62 سال سے درجہ بہ درجہ 64 سال کرنے پر مبنی اصلاحات کا دفاع کیا اور کہا ہے کہ یہ اصلاحات تعلیم اور صحت سمیت ملک کے لئے زیادہ خوشحالی کا سبب بنیں گی۔
واضح رہے کہ شدید ردعمل کی وجہ سے قومی اسمبلی سے منظوری حاصل کرنے میں ناکام اصلاحات بِل 28 فروری کو سینٹ میں بھیجا جائے گا۔
