عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینم گبریسس نے ترکیہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں فلیڈ ہسپتالوں کا اور خیمہ بستیوں کا دورہ کر کے حکام سے معلومات حاصل کیں۔
گبریسس ، ترکیہ میں 6 فروری کے زلزلے کے بعد ، ترک عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، صحت کے حکام اور عملے اور زلزلہ زدگان کے ساتھ ملاقات کے لئے کل ضلع غازی آنتیپ پہنچے۔دورے میں عالمی ادارہ صحت کے یورپی زون کے ڈائریکٹر ہینس کلوگ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گبریسس نے آج ضلع حطائے میں بیلجیئم کے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور صحت کے عملے کے ساتھ ملاقات کی۔
یہاں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ "ترکیہ قومی میڈیکل ریسکیو ٹیموں UMKE کے قریبی تعاون نے مجھے بہت متاثر کیا ہے”۔
دورے سے متعلق ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں گبریسس نے دورے کی تصاویر اور ویڈیو مناظر بھی شیئر کئے ہیں۔
ترکیہ وزارت صحت کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسریٰ پاچاجی سے بریفنگ کی تصاویر کو انہوں نے "اس مشکل وقت میں مل کر کام کرنے والے تمام ماہرین کا شکریہ” کے الفاظ سے شیئر کیا ہے۔