واشنگٹن میں ترکیہ کے سفیر حسن مرادمرجان نے 6 فروری کوقاہرامان ماراش میں آنے والے 7.7 اور 7.6 شدت کے زلزلوں سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی مہم میں حصہ لینے والے رضاکاروں کو تعریفی سند پیش کی۔
سفارت خانے کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں، مرجان نے امدادی سامان کو چھانٹ اور ڈبوں میں پیک کرنے کے لیے کئی دنوں تک کام کرنے والے رضاکاروں کو اسٹیج پر بلاتے ہوئے تعریفی اسناد پیش کیں۔
سفیر مرجان نے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم آپ سب کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں کم ہو گا، اگر آپ نہ ہوتے تو یہ سب کچھ ممکن نہیں تھا، آپ کا حق ادا نہیں کیا جا سکتا۔”
انہوں نے تقریباً 250 رضاکاروں کے حصہ ڈالنے والے اس پروگرام کے تحت جمع کردہ امداد کی ایک بڑی مقدار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، "آپ کی قیمتی شراکت کی بدولت، ہم اس قدر سامان کو تیزی سے ترتیب دینے اور بھیجنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کام میں نہ صرف ہمارے شہریوں نے بلکہ ہمارے امریکی دوستوں نے بھی ہم سے تعاون کیا۔ "
اس موضوع پر سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "امریکہ کے مختلف علاقوں سے ہمارے سفارت خانے کو 2 مارچ 2023 تک خیمے، کمبل، سلیپنگ بیگ، ادویات اور خوراک جیسے عطیات پر مشتمل کل 234 ٹن امدادی سامان بھیجا گیا۔ توقع کی جاتی ہے کہ امریکہ بھر میں جمع کیا جانے والا امدادی سامان 2,500 ٹن سے تجاوز کر جائے گا۔ "