کیا آپ کو معلوم ہے کہ ترکیہ کا، 6 فروری کے زلزلے سے متاثرہ، ضلع قہرمان ماراش زمانہ قدیم سے ہی تابنے کی دستکاری کی وجہ سے مشہور رہا ہے؟
اناطولیہ ہر زمانے میں تہذیبوں کا ہی نہیں ان تہذیبوں کی دستکاریوں کا بھی گہوارہ بنا رہا ہے ۔ ان دستکاریوں میں سے ایک تابنے سے گھریلو اشیاء بنانے کی دستکاری ہے۔ قصّہ کچھ یوں ہے کہ تانبے کی دریافت اور استعمال کے 10 ہزار سالہ قدیم اور اوّلین آثار اناطولیہ سے ملے ہیں۔ چاتال ہویوک کی تاریخی کھدائیوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں تانبے سے ظروف سازی کا کام قبل مسیح کے دور سے کیا جاتا رہا ہے۔ تانبے کو کُوٹ کر ظروف اور آرائشی اشیاء بنانے کی یہ روایتی دستکاری آج بھی اس علاقے میں ایک پیشے کی حیثیت رکھتی ہے۔
ماضی میں اناطولیہ کی طرح قہرمان ماراش میں بھی تانبے کے ظروف بہت اہمیت رکھتے تھے اور نسل در نسل بطور ورثہ منتقل ہوتے تھے۔ اس شہر کی قدیم ترین تانبا دستکاری اپنی انفرادیت کی وجہ سے ترکیہ بھر میں بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ اگرچہ موجودہ دور میں تابنے کے کام میں بہت سے جدتّوں کا اضافہ ہو چکا ہے لیکن قہرمان ماراش کی تانبا دستکاری کی مخصوص تکنیک تانبے کو کوٹ کر اور چھوٹی چھوٹی ضربوں کے ساتھ شکل دینا ہے۔ انسانی ہنر اور کاریگری کا حامل یہ طریقہ بہت محنت ، صبر اور طاقت کا متقاضی طریقہ ہے۔ یوں تو زمانہ قدیم سے ہی اس شہر میں یہ طریقہ مرّوج رہا ہے لیکن 1950 کی دہائی میں قہرمان ماراش کے بنے تانبے کے ظروف اور دیگر آرائشی اشیاء ترکیہ بھر میں زیادہ تیزی سے شہرت پانا اور فروخت ہونا شروع ہو گئیں۔ اور خود قہرمان ماراش کی تو بات ہی نہ پوچھیں اس شہر کے ہر گھر میں تابنے کے ماہر کاریگروں کے بنائے ہوئے برتن اور آرائشی اشیاء دیکھی جا سکتی ہیں۔ آپ بھی سوچتے ہوں گے کیا آخر تانبے سے کیا کیا بن سکتا ہے؟ تو جناب ہم آپ کے لئے کچھ چیزیں گِنے دیتے ہیں مثلاً گُلدان، گملے، سینیاں، ٹب، دستی والے فرائنگ پین اور پیالے، ڈھکن والے فرائنگ پین، دیگیں، باربی کیو فریم، مگ، دیواروں پر لٹکانے والے آرائشی اشیاء اور آویزے غرض کیا ہے جو یہاں کے دستکارتانبے سے نہیں بناتے۔ یہی نہیں یہاں کے دستکار ستّر فیصد تانبے اور تیس فیصد زنک کے امتزاج سے حاصل ہونے والی دھات یعنی پیتل سے بھی متعدد مصنوعات بناتے ہیں۔ ان دستکاروں کی بنائی ہوئی متعدد اشیاء آرائشی ہوتی ہیں اور سیاحوں کے ہاتھ فروخت کرنے کے لئے بنائی جاتی ہیں۔ کوٹ کر بنائے جانے والے ظروف یا دیگر اشیاء جدید طریقوں سے بنائی جانے والی اشیاء کے مقابل میں موٹی، بھاری اور زیادہ پائیدار ہوتی ہیں اور یہ ایک ایسی خوبی ہے جس کی وجہ سے قہرمان ماراش کی تانبا دستکاری بیرونی ممالک سے بھی بھاری طلب لیتی ہے۔
