English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنوبی کوریا: ہم ترکیہ کے ساتھ "حقیقی برادر ملک" ہیں

القمر

جنوبی کوریا کے صدر یون سُک ییول نے کہا ہے کہ ہم ترکیہ کے ساتھ "حقیقی برادر ملک” ہیں۔

جنوبی کوریا کے انقرہ سفارت خانے سے جاری کئے گئے تحریری بیان کے مطابق صدر یون سُک ییول نے 6 فروری کے قہرمان ماراش زلزلوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کرنے والی  کوریاآفات امدادی ٹیم کو ظہرانہ دیا اور ان کے ساتھ ملاقات کی۔

امدادی ٹیم سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ "ترکیہ میں امدادی کاموں کے دوران جس اتحاد و تعاون کا آپ نے مظاہرہ کیا ہے اس نے ایک دفعہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ کوریا اور ترکیہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کی مدد کے لئے حاضر حقیقی دوست ملک ہیں۔ علاقے میں زلزلے کے ضمنی جھٹکوں اور سرد موسمی حالات کے باوجود  بھر پور جذبہ ایثار کے ساتھ کئے گئے امدادی کاموں پر میں ٹیم کے اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں”۔

یون نے کہا ہے کہ علاقے کی تعمیر نو اور بحالی نو کے لئے امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ جنوبی کوریا کی حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر عارضی رہائشی منصوبے میں شمولیت کے لئے 10 ملین ڈالر سے زائد وسائل مہیا کرے گی۔

صدر یون نے کہا ہے کہ ترکیہ کو 250 کنٹینر گھر فراہم کئے جائیں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ جنوبی کوریا اور ترکیہ کے   حقیقی برادر ملک ہونے کی علامت بن جائے گا۔

واضح رہے کہ 121 افراد پر مشتمل کوریا آفات امدادی ٹیم 8 فروری کو ترکیہ پہنچی ۔ ٹیم نے ضلع حطائے میں 8 افراد کو زندہ اور 19 کو  مردہ حالت میں ملبے سے نکالا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے