English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم شہباز شریف نے آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا

القمر

وزیرِ اعظم شہباز شریف قومی اسمبلی سے  اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے، 180 ارکان پارلیمان نے شہبازشریف کو اعتماد کا ووٹ دیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا تو وزیر خارجہ اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کی قرارداد پیش کی جس پر اسپیکر نے کہا کہ ایوان میں اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش ہو چکی ہے اس لیے اراکین اعتماد کے ووٹ کیلیے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو جائیں۔

واضح رہے کہ الیکشن سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے وزیراعظم کے پاس اکثریت نہ ہونے کی آبزرویشن دی تھی اور کہا تھا کہ وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کیلئے بھی سادہ اکثریت 172 اراکین کی ضرورت ہے، اعتماد کا ووٹ اوپن ووٹنگ کے ذریعے ہوگا۔

24 اپریل کو وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے الیکشن فنڈز بل کثرت رائے سے مسترد ہونے کے بعد ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

جب کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے 176 سے زائد ایم این ایز نے شرکت کی تھی۔

ظہرانے کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اور اتحادی اراکین اسمبلی سے خطاب میں ملک کی مجموعی صورتحال پر کھل کر اظہار خیال کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں الیکشن ایک ہی روز ہوں گے، پارلیمنٹ سپریم ہے اس کا فیصلہ قبول کرنا ہو گا۔ حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی، پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمان عوام کے ساتھ کھڑی ہے، قومی اسمبلی شہباز شریف پر وزیراعظم کی حیثیت سے پورے اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے