ترکیہ کے وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ زاپ، گابار اور غارا میں دہشت گردی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ہے۔
آقار نے ضلع قیصری میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر بات کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ PKK/YPG، فیتو اور داعش اور ان کے علاوہ جتنی بھی دہشت گرد تنظیمیں ہیں ان کے خلاف ہماری مصّمم جدوجہد نے دہشت گردوں میں کھلبلی مچا دی ہے ۔
وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اس وقت ہمارے جوان زاپ، گابار اور غارا میں دہشت گردوں کی کچھاریں مسمار کر رہے ہیں۔ ہمارے جوان ہر اس جگہ داخل ہو رہے ہیں جو دہشت گردوں کے خیال میں ناقابل رسائی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شام کے شمال میں بھی ہمارے جّری جوانوں نے دہشت گردوں کے ‘دہشت گردی کوریڈور’ خواب کو چکنا چور کر دیا ہے۔
وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ ترکیہ، عراق اور شام سمیت اپنے تمام ہمسائیوں کے حقِ خودمختاری اور زمینی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ دہشت گردوں کے سامنے دو ہی راستے ہیں یا تو عدالت کے سامنے پیش ہو جائیں یا پھر ختم ہو جائیں۔ اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔
