English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شام سے متعلق عمان میں اجلاس، تنازع کے خاتمے پرغور

القمر

شام نے اردن اورعراق کے ساتھ اپنی سرحدوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے میں مدد دینے پراتفاق کیا ہے۔

اس عزم کا اظہارپانچ عرب وزراء خارجہ اور سفارت کاروں کے عمان میں اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں کیا گیا ہے جس میں شام میں 12 سال سے جاری مسلح تنازع کے خاتمے کے لیے  لائحہ عمل پرغورکیا گیا ہے۔

شام، مصر، عراق، سعودی عرب اور اردن کے وزرائے خارجہ نے اردن کے دارالحکومت عمان میں شام میں جاری جنگ کے سیاسی تصفیے اوراس کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ہے۔

عرب لیگ نے صدر بشارالاسد کی حکومت کے مظاہرین کے خلاف تشدد کے بعد 2011 میں شام کی رکنیت معطل کردی تھی ،اس فیصلے کے بعد شام کی حکومت اور عرب ممالک کے کسی گروپ کے درمیان یہ پہلے مذاکرات ہیں۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ حتمی بیان میں کہاگیا ہے کہ حکام نے لاکھوں بے گھرشامیوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کے طریقوں اور شام کی سرحدوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مربوط کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزراء خارجہ کے درمیان یہ ملاقات سعودی شہر جدہ میں خلیج تعاون کونسل، مصر، اردن اور عراق کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دو ہفتے بعد ہوئی ہے، جہاں بعض ممالک کا کہنا تھا کہ دمشق کی جانب سے امن منصوبے پر بات چیت پر رضامندی سے قبل شام کی عرب لیگ میں واپسی قبل ازوقت ہوگی۔

اردن نے شام پرزوردیا ہے کہ وہ عرب ممالک کے ساتھ مل کر تنازع کے خاتمے، پناہ گزینوں کی واپسی، قیدیوں، منشیات کی اسمگلنگ اور شام میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مرحلہ وار لائحہ عمل تیارکرے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے