English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم محمد شہبازشریف کا یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس

القمر

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کیلئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی تشکیل دے دی ہے، وزیر اعظم نے کل پیر کو یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ، یوم سوگ کے موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی جائے گی۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے یونان میں 14 جون کو ہونے والے کشتی کے حادثے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لئے چار رُکنی اعلی سطح کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چئیرمین مقرر کئے گئے ہیں جبکہ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ)جاوید احمد عمرانی کو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح آزادجموں وکشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیراحمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

بیان کے مطابق کمیٹی یونان میں کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی اور انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیق ہوگی اور ذمہ داروں کا تعین کیاجائے گا ، عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لئے تعاون اور اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی ۔ مزید برآں فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیاجائے گا ، ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قانون سازی ہوگی ،کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی اور کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے