روسی صحافی اور تاس خبر رساں ایجنسی کے نائب ڈائریکٹر میخائل گسمان نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے بارے میں ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے۔
تاس اور رشیہ۔24 کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی اس دستاویزی فلم کی نمائش ماسکو میں ترکیہ کے سفارت خانے میں کی گئی۔
نمائش میں روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر گرشکو، ماسکو میں ترکیہ کے سفیر مہمت سامسار، تاس خبر رساں ایجنسی کے ڈائریکٹر سرگے میخائلوف اور غیر ملکی سفارتی نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
"فارمولہ ولاستی” یعنی اقتدار کا فارمولہ نامی اس فلم میں روسی صحافی گسمان نے صدر ایردوان کے بچپن سے حالِ حاضر تک کی سوانح حیات، سیاست میں ناموری، کامیابیوں، اقتدار کے ادوار کی خدمات، اور قبل ازیں ان کے ساتھ کئے گئے 4 انٹرویو میں سے ویڈیو مناظر کو جگہ دی ہے۔
دستاویزی فلم میں، جمہوریہ ترکیہ وزارت مواصلات کے زیرِ انتظام روسی زبان میں ترجمہ کی گئی، صدر ایردوان کی ” زیادہ عادل دنیا ممکن ہے” نامی کتاب کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ کتاب سے اہم اکتسابات کو فلم کا حصہ بنا کر صدر ایردوان کی آراء کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔
فلم کی نمائش کے بعد گسمان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "صدر ایردوان ایک عظیم سیاست دان ہیں۔ ایسا لیڈر ہونے کی وجہ ترکیہ ایک مسرور ملک ہے۔ وہ نہ صرف ایک عظیم سیاست دان ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک عظیم شخصیت کے بھی مالک ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ صدر ایردوان، جدید دنیا کی تفہیم کے اہل نہایت اعلی درجے کے اسٹریٹجک افکار کے مالک سیاسی تجزیہ نگار ہیں۔ اس وقت بحیثیت لیڈر کے صدر ایردوان کا کردار صرف ترکیہ میں ہی نہیں دنیا بھر میں بھی نہایت درجے اہمیت کا حامل ہے”۔
انہوں نے حالیہ 2 دنوں میں دستاویزی فلم کے 2 دفعہ سرکاری ٹیلی ویژن سے نشر ہونے اور لاکھوں افراد تک پہنچنے کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ "روسی ناظرین کو ایردوان سے متعارف کروانا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ترکیہ اور روس میں عالمی سربراہان کو یہاں تک کہ ہمسایہ ممالک کے سربراہان کو بھی ٹھیک طرح سے نہیں جانا جاتا”۔
میخائل گسمان نے کہا ہے کہ ترکیہ ہمارا ہمسایہ ملک اور پرانا اتحادی ہے۔ صدر ایردوان طویل عرصے سے اقتدار میں ہیں۔ ان کا جامع پورٹریٹ پیش کرنا اور انہیں بیان کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے”۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں ترکیہ کے عوام کا نہایت احترام کرتا ہوں اور اگر ممکن ہوا تو پانچویں دفعہ بھی صدر ایردوان کا انٹرویو کرنا چاہتا ہوں۔
