ترکیہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطین کے شہر عریف کی مسجد میں داخل ہونے والے یہودی آباد کاروں کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروں کے حملوں کے بارے میں تحریری بیان جاری کیا۔
بیان میں حالیہ ایام میں مغربی کنارے پر دوبارہ سے بڑھنے والی کشیدگی پر خدشات ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ
"ہم یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ کی طرف سے اسرائیلی قبضے کے تحت فلسطینی علاقوں میں واقع عریف شہر کی ایک مسجد میں داخل ہو کر قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم اس ناقابل قبول نفرت کے مرتکب افراد کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے جانے کی توقع رکھتے ہیں۔ ہم مغربی کنارے کے مختلف حصوں میں آباد کار گروپوں کے حملوں اور اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ایک فلسطینی شہری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ہم ایک بار پھر اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت یہ ریاست اسرائیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینی مقامی عوام، ان کی عبادت گاہوں، رہائش گاہوں اور املاک پر حملوں اور اسلام دشمنی سمیت تمام نفرت انگیز جرائم کا سد باب کرے۔”