English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چشمہ شفاء۔53

القمر

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام "چشمہ شفاء” کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

 

آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے’ لنڈن کی چائے اور اس کے فوائد’۔

لنڈن کی چائے اپنے سے مخصوص خوشبو کی بدولت ہماری زندگیوں میں رنگ بھرتی ہے۔ اس چائے کو درست شکل میں دم  دے کر استعمال کیا جائے تو اس کے تمام فوائد سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

تو آئیے دیکھتے ہیں کہلنڈن چائے  کے فوائد کیا ہیں۔

 

1۔ سوزش اور التہاب

لنڈن اینٹی آکسیڈنٹ صلاحیتوں کی حامل جڑی بوٹی ہے۔ اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹوں میں خاص طور پر قلب اور قلبی شریانوں  میں التہاب کا سدّباب کرنے والے مادّے بھی پائے جاتے ہیں۔ لنڈن چائے میں شامل  یہ مادّے جسم میں فری ریڈیکلوں کے خلاف جنگ کرتے اور جسم میں التہاب کی روک تھام کرتے ہیں۔  ان اینٹی آکسیڈنٹوں کی طفیل لنڈن چائے ایسی پیچیدہ بیماریوں کے سامنے بھی ڈھال بن جاتی ہے جو جسم میں التہاب کی وجہ سے شروع ہوتی ہیں۔

 

2۔ دردوں سے نجات

لنڈن کی چائے میں جسم میں ہلکے دردوں اور اینٹھن  کو دُور کرنے والے مادّے بھی پائے جاتے ہیں۔ یہ مادّے سر درد، پٹھوں میں اکڑاو، جوڑوں کے درد اور ماہواری کے درد میں آرام پہنچاتے ہیں۔

 

3۔  اندیشوں سے نجات

لنڈن کی چائے پریشانی اور اندیشوں کی شدت کو کم کرنے میں مدد دیتی اور انسان کو ذہنی سکون پہنچاتی ہے۔

  • یہ چائے  عصبی نظام  کے تناو میں نرمی لانے والے ایک کیمیائی ایسڈ  کا کام کرتی ہے۔
  • ہارمونوں کے درجے پر بھی کسی حد تک اثر انداز ہو کر جسم کو سکون پہنچاتی ہے۔
  • نفسیاتی  اتار چڑھاو  اور پیچیدہ  ذہنی دباو  کی حالت میں لنڈن چائے کا ایک کپ فرحت اور آسودگی پہنچاتا ہے۔

 

4۔ ہائی بلڈ پریشر 

لنڈن کی چائے شریانوں کھُلا کرنے اور فشارِ خون کو کم کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔

 

5۔ قلبی صحت

لنڈن میں شامل موئثر مادے قلبی شریانوں کے نظام کو بہتر  بناتے  اور دل کے پٹھوں میں اکڑاو  ختم کرنے والے کیلشیئم کے راستوں کو بحال کرتے ہیں۔

 

6۔معیاری نیند

لنڈن کی چائے گہری اور معیاری نیند  لینے میں مدد دیتی ہے۔ معیاری نیند کے بعد انسان ہمیشہ زیادہ چاق و چوبند  اور زیادہ خوش ہوتا ہے۔

 

7۔بد ہضمی

زمانہ قدیم سے ہی لنڈن کی چائے کو بدہضمی دُور کرنے والی جڑی بوٹیوں کے چائے میں شمار کیا جاتا ہے۔ لنڈن چائے کی اس خصوصیت کی وجوہات کچھ اس طرح ہیں:

  • چائے کی تاثیر میں شامل گرمی اور نمی بد ہضمی کو دُور کرتی ہے۔
  • معدے کے درد کو کم کرتی ہے۔
  • انتڑیوں میں اکڑاو اور گیس پیدا کرنے والے عناصر پر اثر انداز ہو کر تسکین پہنچاتی ہے۔

 

8۔ نزلہ زکام

لنڈن چائے بچوں میں ٹھنڈ لگنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی کان کی انفیکشن  کے خطرے کا کم کرتی  اور گلے کے درد میں آرام پہنچاتی ہے۔

 

9۔پیشاب آور

لنڈن کے درخت کی چھال کا اندرونی حصہ پیشاب آور اور پسینہ آور خصائص کا حامل خیال کیا جاتا ہے ۔ اس کی چائے کو جگر  اور پِتّے کی بیماریوں  میں اور جلد  پر سیلولیوٹ  کےخاتمے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

 

۔۔۔ اور آئیے اب دیکھتے ہیں کہ لنڈن کا استعمال کیسے کیا جائے؟

لنڈن کے استعمال کا کوئی مخصوص وقت نہیں ہے لیکن  نظام تنفس کے راستوں میں انفیکشن پر مثبت اثرات مرتب کرنے کی وجہ سے خاص طور پر موسمِ سرما میں اس کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔  لیکن جس طرح ہر چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوتی ہے اسی طرح لنڈن چائے کی زیادتی سے بھی پرہیز ضروری ہے۔

اگر آپ کو کسی قسم کے منفی اثرات کا سامنا نہ ہو تو دن بھر میں 2 کپ اور زیادہ سے زیادہ 4 کپ لنڈن چائے کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایک چیز کا خیال رکھیں کہ لنڈن کی چائے میں ہرگز چینی نہ ملائیں۔

 

چائے کو دم لگانے کا طریقہ

لنڈن چائے کو دم دینے کا طریقہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اگرچہ زیادہ دیر تک اُبال کر تیار کی جانے والی چائے زیادہ خوشبودار اور لذیذ ہوتی ہے لیکن  زیادہ دیر آگ پر رہنے کی وجہ سے اس میں شامل مفید مادّوں کی تعداد کم ہو جاتی ہے اور چائے ٹاکسک اثرات پیدا کر سکتی ہے۔

چائے بنانے کا درست طریقہ یہ ہے کہ اُبلتے پانی کو کپ میں انڈیلیں اور اس میں چُٹکی بھر لنڈن کے پھول ڈال کر ڈھکن بند کریں اور 7 سے 8 منٹ تک دم  پر رہنے دیں۔ اس کے بعد  چائے کو نوش کریں۔

لنڈن چائے کے الرجک اثرات بھی ہو سکتے ہیں لہٰذا  حاملہ خواتین ، دودھ پلانے والی مائیں اور دل کے مریض اس چائے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ لنڈن چائے  بعض ادویات کے ساتھ مل کر مختلف اثرات پیدا کر سکتی ہے لہٰذا کسی قسم کی دوا کا استعمال کرنے والے افراد کو یہ چائے استعمال کرنے سے پہلے اپنے طبیب سے ضرور مشورہ کر لینا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے