کراچی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے عبدالرزاق کی ایشوریا سے متعلق بیان پر معافی کے بعد ایک خفیہ پوسٹ شیئر کردی۔
پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کراچی میں ایک تقریب میں گفتگو کے دوران معروف بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق متنازع بیان دیا تھا تاہم گزشتہ روز انہوں نے اس پر ایشوریا رائے سے معافی مانگ لی تھی۔
مزید پڑھیں: ایشوریا رائے سے متعلق عبدالرزاق کے بیان پر آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا
ایشوریا رائے نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی ردعمل نہیں دیا لیکن انکے سسر امیتابھ بچن نے عبدالرزاق کی معافی کے کچھ گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر ایک خفیہ پوسٹ شیئر کی ہے۔
امیتابھ بچن نے ایکس پر شیئر کی گئی پوسٹ میں ہاتھ باندھے ہوئے ایموجی کو نمایاں کرکے لکھا کہ ’’اُس کے لیے کسی بھی لکھے ہوئے الفاظ سے زیادہ معنی ہیں‘‘۔
T 4830 – .. for this has more meaning than any printed word ..
इसका अर्थ छपे हुए काग़ज़ पर लिखित शब्दों से कहीं ज़्यादा— Amitabh Bachchan (@SrBachchan) November 15, 2023
اگرچہ پوسٹ خفیہ ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ عبدالرزاق سے متعلق ہے یا اس کا مطلب کچھ اور ہے لیکن یہ اس واقعے کے کچھ گھنٹوں بعد بچن فیملی کی طرف سے آنے والا پہلا ردعمل ہے۔
مزید پڑھیں: ایشوریہ رائے پر نازیبا تبصرہ؛ شعیب اختر نے بھی رزاق کے بیان کی مذمت کردی
یاد رہے کہ عبدالرزاق نے گزشتہ دنوں ایک تقریب میں گفتگو کے دوران ایشوریا رائے سے تعلق نامناسب مثال پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہماری سوچ یہ ہو کہ ایشوریا رائے سے شادی کرکے نیک پرہیزگار بچہ پیدا ہوجائے تو ایسا کبھی نہیں ہوسکتا، اس لیے پہلے آپ کو اپنی نیت ٹھیک کرنی پڑے گی۔
اس بیان کے بعد سے عبدالرزاق کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سابق کرکٹرز شعیب اختر اور محمد یوسف نے بھی عبدالرزاق کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
