اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی اور تنخواہ دار طبقہ پر ٹیکس ختم کرے، مطالبات منظور ہوئے دھرنا ختم نہیں ہوگا، بجلی کے بلوں میں ہر صورت کمی چاہیے، ٹیکسوں کا ظالمانہ نظام ختم کیا جائے۔
مہنگائی کے خلاف دھرنے کے تیسرے روز خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کرائے سے زیادہ بل آرہے ہیں، تعلیم کے دروازے بند کیے جارہے ہیں ، وزیر اعظم شہباز شریف 37 ہزار میں ایک غریب شخص کے گھر کا بجٹ بنا کر دکھائیں، لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کررہے ہیں، جماعت اسلامی اب جان نہیں چھوڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت نے غریبوں کا جینا دوبھر کردیا ہے، ہمارا دھرنا 25 کروڑ عوام کے لیے ہے، غریب آدمی بجلی کی قیمت کیسے ادا کرے گا؟
مہنگائی جماعت اسلامی کا مسئلہ نہیں 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، ہم پوری قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں، وکلا، طلبا، علما کرام، مزدوروں اور تمام طبقات سے اپیل کرتا ہوں اس تحریک کا حصہ بن جائیں، حکومت اپنی عیاشیاں کررہی ہے ، غریب آئے روز خودکشی کررہا ہے۔
خیال رہے کہ جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیم کے درمیان کمشنر آفس راولپنڈی میں مذاکرات شروع ہوگئے، جماعت اسلامی نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی۔

