لاہور: دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، لاہور میں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔
ارشد ندیم ترکش ائرلائن کی پرواز کے ذریعے پیرس سے براستہ ترکیہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچے، جہاں خصوصی واٹر کینن سلوٹ سے انہیں خوش آمدید کہا گیا۔ اس موقع پر صوبائی دارالحکومت میں جگہ جگہ قومی ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
طیارے سے باہر آنے کے بعد ارشد ندیم کو گلدستہ پیش کرنے کے ساتھ پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے والد کے ساتھ جذباتی انداز میں ملاقات کی اور انہیں اپنے گلے لگاتے ہوئے آنسوؤں پر قابو نہ پا سکے۔
لاہور ائرپورٹ پر اہم شخصیات، وزرا، سابق وزیر کے علاوہ ارشد ندیم کے اہل خانہ، دوست احباب، ان کے گاؤں سے آئے افراد اور شہریوں کا جم غفیر جمع تھا جو اپنے قومی ہیرو کے استقبال اور ایک جھلک دیکھنے کے علاوہ مبارک باد دینے کے لیے دور دور سے آئے تھے۔
واضح رہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے ارشد ندیم کے استقبال کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی تھیں ۔ انہیں وی وی آئی پی پروٹوکول دینے کے علاوہ ان کے روٹ پر ان کے شایان شان اہتمام کیا گیا تھا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ میں اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اللہ کا بھی شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے عزت سے نوازا کہ میں پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت سکا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اور والدین کی دعاؤں کے طویل یہ مقام ملا ہے۔ اس کامیابی کے پیچھے بہت طویل سفر اور سخت محنت ہے۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔ مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔
ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

