پشاور:پاک افغان سرحد پر پاکستان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو بچوں سمیت کم سے کم تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ افغانستان کے ننگرہار صوبے کی سرحد پر واقع طورخم بارڈر پر ہوا جہاں دونوں نے ایک دوسرے پر تنازعہ شروع کرنے کا الزام عائد کیا۔
افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قنی نے کہا کہ پاکستانی فورسز نے شہریوں کے گھروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہو گئے۔
دوسری جانب طورخم بارڈر پر پاکستانی سرحدی آفیشل نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین پاکستانی فوجی زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ 2021 میں طالبان کی جانب افغان حکومت کا انتظام سنبھالنے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان متعدد بار سرحد پر تنازع ہو چکا ہے، پاکستان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد مستقل بنیادوں پر افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر حملے کرتے ہیں لیکن افغان حکومت ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

