جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد، سیاہ کاری کے تنازعے پر ایک شخص قتل، ایک زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے دلمراد تھانہ کی حدود گاؤں ٹلن بنگلانی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص مہردل بنگلانی کو قتل کردیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردی گئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سیاہ کاری کے دیرینہ تنازعے کی وجہ سے پیش آیا ہے مزید تحقیقات کررہے ہیں اور قاتلوں کا سراغ و گرفتاری کے لیے چھاپے ماررہے ہیں۔ دوسری جانبجیکب آباد میں مسلح افراد نے شہری سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ لیے، شہریوں کا بے امنی کے خلاف احتجاج، ریلوے ٹریک پر دھرنا ٹائر نذر آتش،بہبود آبادی کے ملازم کی گھر کے باہر سے کار چوری۔جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود بولان محلہ قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایک شہری یوسف کٹو سے اسلحہ کے زور پر ڈھائی لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے، واقعے کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے جمالی واہ پھاٹک ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر بے امنی کے خلاف نعرے بازی کی۔مشتعل مطاہرین نے ٹائروں کو نذر آتش کیا جس کے باعث کئی گھنٹوں تک قومی شاہراہ کی ٹریفک معطل ہوگئی۔اس موقع پر متاثرہ شہری یوسف کٹو نے کہا کہ مسلح افراد نے میرا تعاقب کرکے ڈھائی لاکھ روپے چھین لیے، جیکب آباد میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے عوام اب غیر محفوظ ہوچکے ہیں، دن دہاڑے مسلح افراد شہریوں کو لوٹ رہے ہیں جبکہ پولیس صرف تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چھینی گئی رقم واپس کرائی جائے بصورت دیگر ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔دوسری جانب سول لائن تھانہ کی حدود جمس اسپتال کے قریب گھر کے باہر کھڑی محکمہ بہبود آبادی کے ملازم علی نواز شاہ کی ایکس ایل آئی کار چوری ہوگئی۔
