حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے علاقے ہالاناکہ کے قریب قتل کیے جانے والے نوجوان ولید قریشی کے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے مقتول کی لاش رکھ کر احتجاج کیااور نعرے بازی کی۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ولید قریشی کے قتل میں ملوث افرادکیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں سخت سے سخت سز ادی جائے،ا س موقع پر مقتول کی بہن اور بھائی نے بتایا کہ گزشتہ رات ولید قریشی کو دوستوں نے ٹیلیفون کرکے گھر پر بلایا اور اسے گاڑی پر لے کر ہالاناکہ کے قریب چانگ گوٹھ لے گئے جہاں چار ملزمان نے پہلے اسے زدوکوب کیا پھر اسے گولیاں مارکر قتل کردیا ، پولیس ملزمان کیخلاف نہ تو مقدمہ درج کررہی ہے اور نہ ہی انہیں گرفتار کیاجارہا ہے، مشتعل افراد پولیس کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کررہے تھے کہ پولیس کے رویے کا نوٹس لیا جائے ۔ تاہم بعد میں ایس ایچ او چھلگری نے پہنچ کر مقتول کے ورثاء سے مذاکرات کیے جس کے بعد مظاہرین پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔