حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) موری منگر کی رہائشی مسمات مہناز دختر محمد ابراہیم نے اپنے معصوم بچوں سمیت شوہر نیاز محمد کے تشدد اور زیادتیوں کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میرا شوہر ہر وقت بلا جواز مجھے تشدد کا نشانہ بناتا رہتا ہے، تشدد کی وجہ سے تنگ ا ٓکر خلع کے لیے درخواست دی جس پر شوہر مشتعل ہو کر مجھے قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے جس کی وجہ سے میں اور میرے بچے عدم تحفظ کا شکار ہیں، میں نے اپنے شوہر کے گھر سے نکل کر اپنی خالہ کے گھر پناہ حاصل کی ہے لیکن شوہر نیاز محمد وہاں بھی پہنچ کر مجھے سخت نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے اربابِ اختیار سے اپیل کی کہ شوہر کے مظالم کا نوٹس لے کر خلع دلوایا جائے اور مجھے میرے بچوں سمیت تحفظ فراہم کیا جائے۔