راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):لیگ اسپنر ابرار احمد کو پاکستان ٹیسٹ سائیڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے اور وہ اب بنگلا دیش اے کے خلاف دوسرے4 روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی نمائندگی کریں گے، 4 روزہ میچ 20 اگست سے اسلام آباد کلب میں شروع ہو گا، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ سلیکٹرز نے 21 اگست سے بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ٹیسٹ میں مکمل طور پر پیس اٹیک کے ساتھ جانے کا انتخاب کیا ہے، سلیکٹرز نے ابرار احمد کو ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانے کے بجائے پاکستان شاہینز اسکواڈ میں شامل کیا ہے تا کہ وہ 30 اگست کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل کچھ میچ پریکٹس حاصل کر سکیں، ٹاپ آرڈر بلے باز کامران غلام دوسرے کھلاڑی ہیں جنہیں پاکستان ٹیسٹ ٹیم سے ریلیز کیا گیا ہے اور انہیں دوسرے4 روزہ میچ کے لیے پاکستان شاہینز کی ٹیم میں برقرار رکھتے ہوئے کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے، یاد رہے کہ بنگلا دیش اے کے خلاف پہلے 4 روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل تھے، پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ اب 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا لیکن دوسرے4 روزہ میچ کے اختتام کے بعد جب ابرار احمد اور کامران غلام دوسرے ٹیسٹ کے لیے دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہوں گے ۔
تو وہ 17 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گا، پاکستان شاہینز ٹیم کا حصہ رہنے والے میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، صائم ایوب، سرفراز احمد اور سعود شکیل اب ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں جبکہ محمد رمیز جونیئر دوسرے 4 روزہ میچ کے لیے باہر ہو گئے ، دوسرے 4 روزہ میچ کے لیے شاہینز میں ان 8 کھلاڑیوں کی جگہ ابرار احمد، علی زریاب، اویس انور، امام الحق، نیاز خان، قاسم اکرم، روحیل نذیر اور شرون سراج کو شامل کیا گیا ہے۔
