اسلام آباد (صباح نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ گارنٹی دیتے ہیں اسلام آباد میں جلسے سے امن وامان خراب نہیں ہوگا، تحقیقاتی کمیٹی نے شکیل خان کو موردالزام ٹھہرایا، کمیٹی کی سفارشات پر کارروائی آگے بڑھائی گئی۔ بیرسٹر سیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے اسلام آباد میں انتظامیہ پی ٹی آئی کا جلسہ کرنے میں خلل پیدا کرسکتی ہے، ہم جب بھی جلسہ کرتے ہیں انتظامیہ سے اجازت لیتے ہیں‘ ہم گارنٹی دیتے ہیں جلسے کی وجہ سے امن وامان کا ماحول خراب نہیں ہو گا‘ کوشش کریں گے ہماری طرف سے قانون کی پامالی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کی گئیں کہ پختونخوا کے کچھ محکموں میں کرپشن ہو رہی ہے‘ کچھ لوگوں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے مل کر کرپشن کی شکایات کیں‘ بانی پی ٹی آئی کو پریس کانفرنس کے ذریعے پیغام دینے کا کہا، عاطف خان، اسد قیصر سمیت 2 لوگ ہی تھے جو بانی پی ٹی آئی سے ملے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میری طرف سے کرپشن کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے شکیل خان کو برطرفی کی سمری گورنر کو بھیجی، تحقیقاتی کمیٹی نے شکیل خان کو موردالزام ٹھہرایا، کمیٹی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بنائی گئی ، کمیٹی نے 2 ہفتے کے دوران متعدد افراد کے بیانات لیے۔
