حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جامشورو کے گوٹھ مصری کھوسو کے رہائشی افراد نے عوامی اتحاد کے جنرل سیکرٹری علی مردان جمالی کی قیادت میں لمس کالونی کا راستہ بند کئے جانے پر وی سی لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور علی مردان جمالی نے محمد سچل چانڈیو، عبدالحکیم کھوسو، کامریڈ سلیمان بھلائی، ولید بلیدی کے ہمراہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے گوٹھ مصری کھوسو، یوسف کھوسو کا راستہ لمس کالونی کی طرف سے ہے ہمارے سیکڑوں بچوں لمس کالونی کے اسکولوں میں زیر تعلیم ہے جبکہ خواتین اساتذہ بھی پڑھانے آتی ہیں لیکن لمس کے موجود وی سی ڈاکٹر اکرم الدین اجن نے امن و امان کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے گاؤں کی سڑک پر گیٹ لگا دیا جس سے مصری کھوسو گاؤں کے 300 سے زائد طلبہ وطالبات کی تعلیم متاثر ہوئی ہے اپنے حقوق کے لیے احتجاج کرتے ہوئے تھانہ جامشورو کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے درخواست دی لیکن پولیس نے بکتر بند گاڑی اور پولیس کی لاٹھیوں سے ہم پر تشدد کیا اور 2 صحافیوں پر حملہ کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لمس یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام الدین نے مذکورہ سڑک کو بڑی گاڑیوں کے لیے بند کر دیا ہے اور انڈس ہائی وے سے بڑی گاڑیوں کے لیے الگ سڑک دی ہے اور کہا ہے کہ لمس کالونی روڈ گاؤں والوں کے لیے کھلی رہے گی، لیکن کچھ عرصے بعد یہ سڑک بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے بچوں کو آدھا کلومیٹر کے فاصلے پر قائم اسکولوں میں جانا پڑتا ہے اور ہم سے آدھا کلو میٹر دور ہے۔ وہاں تک پہنچنے کے لیے 6 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سڑک کی بحالی کیلیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں، ہمیں طرح طرح سے ہراساں کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہاکہ لمس کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور منتخب نمائندے ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لیں۔
