ماسکو (صباح نیوز) روس میں 7اعشاریہ 2شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ حکام نے سونامی کے خطرے کی وارننگ جاری کر دی۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے شمالی ساحلی علاقوں سمیت پیٹروپاولوسکی کمچٹکا نامی شہر میں زیادہ جھٹکے محسوس کیے گئے۔ حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز پیٹرو پاؤلوسکی کمچٹکا نامی شہر سے 55 کلومیٹر دور تھا اور اس کی گہرائی 18 میل تھی۔ طاقتور زلزلے کے جھٹکے 100 کلومیٹر دور تک محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد علاقے میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ ریسکیو عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق طاقتور زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔مقامی ایمرجنسی اتھارٹی نے ٹیلی گرام پر کہا کہ زیادہ تر آفٹر شاکس ناقابل فہم ہیں لیکن ہم پوری طرح الرٹ ہیں۔
