ڈارون(اسپورٹس ڈیسک) ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے سیمی فائنل میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی ٹیم نے پاکستان شاہینزکو 30رنز سے ہراکر فائنل میں کوالیفائی کرلیا،پاکستان شاہینز 198رنز ہدف کے تعاقب میں 18.1اوورز میں167رنزبناکر آئوٹ ہوگئی، عباس آفریدی 54 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ عثمان خان 32، محمد حارث 19اور عارف یعقوب نے15 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق ڈارون میں جاری ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے، 57 رنز پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد جیک ونٹر اور ہیری میننٹی نے 73 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا۔ جیک ونٹر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 8 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے، انہوں نے فیصل اکرم کے ایک ہی اوور میں 5 چھکے مارے، ہیری میننٹی نے 52 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے تین اور فیصل اکرم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان شاہینز کی ٹیم 18.1 اوورز میں 167 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، پاکستان شاہینز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پانچویں اوور تک اس کی 4 وکٹیں صرف 33 کے مجموعی سکور پر گر گئی تھیں جن میں سے صرف کپتان محمد حارث ہی 19 رنز کے ساتھ ڈبل فگرز میں آسکے تھے۔ بعد میں آنے والے بیٹرز میں عثمان خان 32 اور مبصر خان 18 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
