کراچی: پاکستان میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ نے تجارتی شہر کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے کی پیش گوئی کر دی جس سےرہائشیوں کو ایک بار پھر موسم کی تبدیلی سے گزرنا پڑے گا ، بارش کےباعث موسم خوش گوار ہونے کے بعد پھر سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ۔
پاکستان میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ نے میٹروپولیس میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا اور توقع ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ° C سے 34 ° C تک رہے گا۔
ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، کراچی کا موسم اس وقت جزوی بادلوں میں گھرا ہوا ہے ، کبھی دھوپ تو کبھی آسمان پر بادل چھا جاتے ہیں ۔
ماہر موسمیات انجم نذیر نے خبردار کیا کہ کراچی میں آنے والے دنوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے، 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ”اگلے چند دنوں تک صبح اور رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے اور شہر میں سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔”
مزید برآں، انہوں نے مون سون کے ایک اور نظام کے بڑھتے ہوئے خطرے کو اجاگر کیا جو 26 اگست سے سندھ کو متاثر کر سکتا ہے، ممکنہ طور پر 27 اگست سے کراچی میں بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “اس سسٹم سے بارش کی شدت کا اندازہ آنے والے دنوں میں لگایا جا سکتا ہے،” ستمبر کے آخر تک سندھ “دو سے تین مون سون سسٹم” سے متاثر ہو سکتا ہے۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دادو، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ کے اضلاع اور ساحلی علاقوں میں آج ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

