کوئٹہ: الیکشن ٹریبونل نے بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا لانگو کو نا اہل قرار دے دیا ہے ، اس اعلان کے بعد وہ اب اس عہدے کے اہل نہیں رہے ۔
زرائع کے مطابق ٹربیونل کا فیصلہ میر سعید لانگو کی جانب سے دائر درخواست کے بعد آیا، جس میں میر ضیا لانگو پر انتخابی دھاندلی کا الزام لگایا گیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل نے انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے میر ضیا لانگو کے حلقے کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔
مزید برآں، الیکشن ٹریبونل کے اعلان کے بعد میر ضیا لانگو اب بلوچستان کے وزیر داخلہ نہیں رہے ۔
ایک الگ پیش رفت میں، جمہوری وطن پارٹی کے گوہرام بگٹی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی انتخابی کامیابی کو ٹریبونل میں چیلنج کر دیا۔
گوہرام بگٹی نے اپنی درخواست میں سوال کیا کہ سرفراز بگٹی کو بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 10 (ڈیرہ بگٹی) سے الیکشن لڑنے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ نگران کابینہ کے وزیر کی حیثیت سے وہ الیکشن نہیں لڑ سکتے۔
درخواست کے مطابق سرفراز بگٹی نے اپنے پسندیدہ پولنگ عملے کی پوسٹنگ حاصل کی، کابینہ سے استعفیٰ دے کر الیکشن لڑا ہے ۔
انہوں نے درخواست میں کہا کہ کاغذات میں انہوں نے الیکشن میں 80 سے 99 فیصد کے تناسب سے ووٹ حاصل کیے اور ووٹ ڈالنے کا یہ تناسب کسی بھی الیکشن میں ناممکن ہے۔
گوہرام بگٹی نے الیکشن میں ووٹرز کے انگوٹھوں کی تصدیق کے لیے ٹریبونل سے استدعا کی ہے ۔

