
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان شاہینز اور بنگلا دیش اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ ڈرا ہوگیا۔جمعہ کے روز اسلام آباد کلب میں میچ کے آخری دن پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 281 رنز بنائے تھے جس میں علی زریاب آصف کی سنچری قابل ذکر تھی۔ اس سے قبل بنگلہ دیش اے نے اپنی پہلی اننگز 404 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔اس نے اپنی پہلی اننگز346 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پرشروع کی تھی اور 58 رنز کا اضافہ کیا۔جاکر علی جو گزشتہ روز 136 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے 36 رنز کا اضافہ کرکے 172 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے۔ اس سے قبل ان کا بہترین اسکور 138رنز ناٹ آؤٹ تھا۔آج گرنے والی تینوں وکٹیں ابرار احمد نے حاصل کیں اور مجموعی طور انہوں نے103 رنز کے عوض 4 کھلاڑی آؤٹ کیے۔پاکستان شاہینز کی پہلی اننگز میں امام الحق کے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد علی زریاب آصف اور کپتان کامران غلام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز کا اضافہ کیا۔ کامران غلام 34 رنز پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد علی زریاب آصف اور سعد خان نے تیسری وکٹ کے لیے82 رنز کا اضافہ کیا۔
