کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ 28 اگست کو بجلی قیمتوں، ٹیکسز، مہنگائی میں اضافے اور آئی پی پیز معاہدوں کے خلاف بلوچستان بھر میں تاجر برادری دکانداروں اور عوام کے تعاون سے شٹر ڈائون ہڑتال ہوگی،سب جائز حقوق حاصل کرسکتے ہیں، جب تک ہم سب عوام زیادتیوں ، مفت خوری، بدعنوانی، مہنگائی اور ظالمانہ معاہدوں کے خلاف نہیں نکلیں گے، تب تک کئی دہائیوں سے قوم وملت اور وسائل پرقابض ٹولہ بازنہیں آئے گا، حق دو عوام کو حق دو بلوچستان کومہم یکم ستمبر سے شروع کریں گے، اس دوران عشرہ سیرت بھی منائیں گے، جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 31 اگست کو بلوچستان کے سلگتے مسائل کو اُجاگر اور حل کے حوالے سے اسلام آباد میں قومی سیمینار منعقد ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان ذمہ داران ماہانہ جائزہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری زاہد اختر بلوچ، ایم پی اے و نائب امیر صوبہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، نائب امیر صوبہ بشیر احمد ماندائی، امیر ضلع کوئٹہ حافظ نور علی، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز مرتضیٰ خان کاکڑ، اعجاز محبوب، پروفیسر سلطان محمد کاکڑ عبدالولی خان شاکر نے شرکت کی۔
