لاہور: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت ندا ڈار کی جگہ فاطمہ ثنا کو کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر فاطمہ ثنا کو 3 سے 20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا، سری لنکا، بھارت اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوگا۔ شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کا اسکواڈ :
فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نجیہہ علوی (وکٹ کیپر) ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی جبکہ رامین شمیم اور ام ہانی بھی ٹیم کا حصہ ہیں ۔
22 سالہ فاطمہ ثنا نے اب تک 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ اس سے قبل وہ پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔
دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیگلے اوول میں کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی انہوں نے ٹیم کی قیادت کی تھی، جو سپر اوور میں پاکستان کی شاندار جیت کی وجہ سے یادگار بن گیا تھا۔

