راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ ہم پاگل نہیں کہ سیاست میں آئیں،یہاں سیاست تو ہو ہی نہیں رہی ہے ،8ستمبر کو عمران خان کے حکم پر میں بھی جلسہ میں شرکت کروں گی، عمران خان نے کہا ہے چاہے یہ 400 دھمکیاں دیں یا کہیں کہ راستے میں راکٹ لانچر ہے جلسہ ضرور ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔علیمہ خان نے کہا کہ سب کو ایک فکر ہے کہ ہم سیاست میں نہ آجائیں۔ کوئی ہم سے پوچھ کیوں نہیں لیتا کہ ہم سیاست میں آنا چاہتے ہیں کہ نہیں۔ ہمارے پاس سیاست کے لئے وقت نہیں ہے۔ ہم بتا بتا کر تھک گئے ہیں کہ آپ نہ ڈریں ہم سیاست میں نہیں آنا چاہتے۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان ہمارا لیڈر بھی ہے اور بھائی بھی ہے۔ آپ جو چاہیں کریں ہم کھڑے رہیں گے ،آپ بے شک سکیورٹی کے نام پر ہمارے پیچھے گاڑیاں لگا دیں، یہ لوگ جب جلسہ ملتوی کرنا ہوتا ہے پائوں پڑجاتے ہیں،آئندہ کے لئے بھی جو مخصوص پیغام ہوگا، عمران خان کی ہدایت پر آکر دیا کریں گے۔ عمران خان نے 3،4 لوگوں کو مخصوص پیغام کے لئے مختص کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو جیلوں میں ڈالا ہوا ہے، تیسری بار اڈیالہ جیل کا عملہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ آپ جب ٹی وی پر ہمارا تماشا بناتے ہیں تو کیا گھر کی خواتین آپ سے نہیں پوچھتیں، ان کو جاکر کیا کہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکرپٹ تو تبدیل کرلیں۔ آپ کہتے ہیں کہ بشری یا علیمہ پارٹی کو ٹیک اوور کررہی ہیں۔ آپ تین، چار خواتین سے ڈر رہے ہیں۔ ہمیں میڈیا سیل بھی دیکھنا ہے، کیسز بھی دیکھنے ہیں اور عمران خان کی حفاظت بھی کرنا ہے۔ ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہے۔ ن لیگ کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا ملک کے مستقبل کی بات ہے 8 ستمبر کو جلسے میں ہم سب شامل ہوں گے۔ یہ 8 ستمبر کو دوبارہ کہیں گے کہ بم پھٹنے لگا ہے۔ ہم رکیں گے نہیں ہم 8 ستمبر کو آ رہے ہیں۔ اب عمران خان نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو ہرحال میں جلسہ ہوگا۔

