English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی کا یوم تاسیس ملک بھر میں جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا

القمر

کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر کے چھوٹے بڑے مقامات پر پیر26اگست کو جماعت اسلامی کا83واںیوم تاسیس بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے لاہور ،کراچی، پشاور، کوئٹہ ، حیدرآباد ، بدین، مٹیاری، میہڑ، سانگھڑ، ٹنڈوآدم، شکارپور، نواب شاہ اورسکھر سمیت متعدد مقامات پر پرچم کشائی کی تقاریب، سیمینارز، مذاکرے اورجلسے منعقد کیے گئے جن سے مرکزی ، صوبائی وضلعی رہنما ئوں،علما کرام ودانشوروں نے جماعت اسلامی کی سیاسی سماجی ودینی جدوجہد پر اظہار خیال کیا۔نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی کے 84ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاسیس اور جدوجہد اقامت دین اور بابرکت اسلامی انقلاب کے لیے ہے۔ دعوت وتبلیغ، ذہن وکردار سازی اور خلق خدا کی خدمت ہی جماعت اسلامی کا مشن ہے۔ استعماری اور استحصالی نظام کے خاتمہ کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ جمہوری، سیاسی مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے۔ پاکستان عالم اسلام اور ترقی پذیر ممالک میں اپنی صلاحیتوں، جغرافیائی اہمیت اور قدرتی وسائل کی بنیاد پر جوہری اور رہنما کردار ادا کرسکتا ہے۔ کرپٹ،نا اہل اور مفاد پرست نظام اور اس کے سرپرستوں نے پاکستان کو عملاً مفلوج کردیا ہے۔ سیاسی اور اقتصادی نظام کے استحکام کے لیے قرآن و سنت کی بالادستی، آئین پاکستان کی فرمانروائی، قانون کے نفاذ، آزاد عدلیہ اور شفاف،غیر جانبدارانہ منصفانہ انتخابات ناگزیر ہیں، جب تمام اسٹیک ہولڈرز آئین کی حدود کی پابندی قبول کرلیں گے تو پاکستان وحدت، یکجہتی اور ترقی کا مرکز بن جائے گا۔ جماعت اسلامی فرقہ پرستی اور ہر طرح کے تعصبات سے بالا تر ہو کر عوام کی بیداری اور منظم جدوجہد جاری رکھے گی۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کی حفاظت اور اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد ،اپنے قیام سے اب تک جماعت اسلامی کی اولین ترجیح رہی ہے،آئین پاکستان کا تحفظ و پاسداری اور ملک میں تعمیرو ترقی کے کام جماعت اسلامی کا امتیازی وصف رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی نے معاشرے میں ظلم و ستم کا شکار اور پسی ہوئی عورت کے لیے بھی بھر پور آواز اٹھائی ہے اس کے حقیقی مسائل کو اجاگر کیا ،تعلیم و تربیت کا انتظام کیا۔عورت کو اسلام کے دیئے ہوئے مقام و مرتبے کی آگاہی دینے، اور پاکیزہ معاشرے کی تعمیر میں بھی حلقہ خواتین نے نمایاں خدمات ادا کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا وطن عزیز میں کرپٹ سیاسی نظام میں پاکیزہ اور ایماندار کردار کی حامل صرف جماعت اسلامی کی قیادت ہے جن پر نہ ماضی میں اور نہ اب کسی بھی قسم کے کرپشن کا الزام ہے ۔ جماعت اسلامی کی پاکستان کے لیے خدمات اس کے قائدین اور کارکنان کے لیے اعزاز ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی بے لوث ،بے غرض اور پرخلوص جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ملک کی مایوس فضا میںعوام اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، ملک کے ہر طبقے بالخصوص نوجوانوں کی توقعات اب جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی مضبوط ارادے اور عزم و استقامت کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی کوششوں سے ان شاء اللہ یہ ملک اپنے قیام کے مقاصد حاصل کرے گا اور اسلامی نظام کے عملی قیام کی بہاریں ضرور دیکھے گا ۔جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے اعلامیے کے مطابق یوم تاسیس کے پروگرامات میں مقررین کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جو فرقہ واریت سے پاک اوراتحاد امت کی داعی جماعت ہے۔ ان کی قیادت پرکسی قسم کی کرپشن کا الزام اورقرضے معاف کرنے والوں کی فہرست میں نام نہیں ۔کراچی کے مئیر عبدالستار اٖفغانی،سٹی ناظم نعمت اللہ خان اورسابق وزیرخزانہ خیبر پختونخوا سراج الحق کا کام وکردار پوری قوم کے سامنے ہے۔فلاحی ادارے الخدمت کا نیٹ ورک ملک سمیت پوری دنیا میں قائم ہے جو بلاتفریق انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ یاد رہے کہ 26اگست 1941ء کومفکر اسلام سید ابولاعلیٰ مودودی ؒکی سربراہی میں 75افراد نے لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی جو آج ایک تناوردرخت کی شکل اختیارکرچکی ہے دنیا بھرمیں ان کی شاخیں قائم ہیں۔یوم تاسیس کے موقع پرتجدید عہد کرتے ہوئے کارکنان نے اسلامی انقلاب کے لیے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرنے کا عزم کیا۔جماعت اسلامی کے 83ویں یوم تاسیس کے موقع پر دادو،میہڑاورسکرنڈ میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت اورفارم47کی مسلط کردہ نااہل قیادت کی وجہ سے آج پورا ملک بدامنی،دہشت گردی ، مہنگائی اورلاقانونیت کی لپیٹ میں ہے۔بلوچستان میں 23بے گناہ لوگوں کا قتل افسوس ناک اورحکومتی ناکامی ہے۔مہنگی بجلی وظالمانہ ٹیکسز کے خلاف 28اگست کو عوام وتاجربرادری ہڑتال کو بھرپور کامیاب بنائیں۔ دھرنا،ہڑتال اوررابطہ عوام مہم سمیت تمام سرگرمیاں اقامت دین کی جدوجہد کا حصہ ہیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو لوگوں کی دنیا کے ساتھ آخرت بھی اچھی کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ہماری زندگی کا مقصددین کی سربلندی ،اللہ کی رضا اورفلاح اخروی ہے۔باقی سیاسی پارٹیوں کا مقصد کسی بھی طرح سے ذاتی مفاد وزرارتیں واقتدار کا حصول ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ بجلی کی قیمت کم اورظالمانہ ٹیکسز کم کرنے کے معاہدے پراسلام آباد دھرنا ختم کیا ،دی گئی مہلت 45دن کے اندر معاہدے پرعمل نہ ہواتو جماعت اسلامی پھرعوام کے حقوق کی خاطرسڑکوں پرہوگی۔مسجد اقصیٰ گلشن اقبال کراچی میں یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا کہ 26اگست 1941ء کو ایسی جماعت معرض وجود میں آئی جو زمین پر اپنی نہیں بلکہ خالق کائنات کے انسانوں کو بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق حکومت کا قیام چاہتی ہے، یہ وہ فطری اصول ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے انسان فلاح، امن اور خوشحالی پا سکتے ہیں۔ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والی پارٹی سے لے کر دیگر پارٹیوں سالہاسال حکومتی کرتی رہیں لیکن بہتری نہ لا سکیں، انھوں نے معیشت اور امن و امان تباہ کر دیا اور وہ پاکستان جو اپنے ابتدائی دنوں میں ترقی کر رہا تھا اسے دلدل میں دھکیل دیا جس سے نکلنا مشکل نظر آ رہا ہے۔ ملک پر مسلط حکمرانوں کی گورننس کے نتائج پوری عوام بھگت رہی ہے۔ جماعت اسلامی اور سیکولر حکمران پارٹیوں میں واضح فرق ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر اللہ اور اس کے رسولؐ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق نظام چلائے گی۔جماعت اسلامی معیشت کو ٹھیک کرے گی اور امن بحال کرے گی، عوام سے اپیل ہے کہ فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں، جماعت اسلامی کے کارکنان انفرادیت قائم رکھیں اور یکسوئی سے اللہ کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کریں۔ ناظم علاقہ عاقل عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین ) کی ناظمہ جاوداں فہیم نے ’’یوم تاسیس جماعت اسلامی پاکستان‘‘ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 83 سال قبل جماعت اسلامی کا قیام دراصل انبیاء علیہ السلام کی دعوت و مشن اور جدو جہد کا تسلسل تھا اور یہ جدو جہد آج بھی جاری ہے ۔جماعت اسلامی نے زمانے کے ہر نشیب وفراز میں پاکستانی قوم کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا ہے۔جماعت اسلامی نے پاکستانی سیاست میں کرپشن ، جھوٹ ،بددیانتی کی جگہ سچ ، امانت ودیانت اور خدا خوفی کا چلن عام کیا،گالم گلوچ کے بجائے عزت نفس کے احترام کو جگہ دی،ذاتی سہولت کے بجائے عوام کی خیر خواہی کا درس دیا۔جماعت اسلامی دنیا کے تمام فاسد نظاموں کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم لے کر وجود میں آئی ۔ تاریخ میں کئی فرسودہ نظام زمیں بوس ہوئے جو باقی ہیں ان کا انجام بھی قریب ہے۔جماعت اسلامی انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر اللہ رب العالمین کی غلامی میں لانے کے لئے وجود میں آئی تھی اور اس فریضے کو آج بھی سر انجام دے رہی ہے ۔ہم امید کرتے ہیں کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی نڈر اوربے باک قیادت میں یہ سفر کامیابی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور پاکستان کو امت مسلمہ کی قیادت کے لئے تیار کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے