English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

آج ہڑتال کامیاب ہو گی‘آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا‘حافظ نعیم الرحمن

لاہور :امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن تاجر تنظیموں کے رہنمائوں کے ہمراہ ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال کے حوالے سے احتجاجی کیمپ کے دورے کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کر ر ہے ہیں

لاہو ر(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہو گی، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن اسکیمیں متعارف کرا رہی ہے، یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئے گی اور ہڑتال میں بھرپور حصہ لے گی، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں وہی کام کریں جو ملک و قوم کے حق میں ہے۔ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں، مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے نہیں اٹھا سکتے، عوام آئی پی پیز کو مزید نہیں پالیں گے، صرف شریف خاندان اور ان کے قریبی لوگ آئی پی پیز پر سیکڑوں ارب کی کیپسٹی چارجز لینا بند کر دیں تو پورے ملک کی بجلی سستی ہو جائے گی، تاجر ٹیکس دینے کو تیار اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حق میں ہیں، مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انھیں منظور نہیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، حکمران طبقہ اپنے خرچے کم کرے، آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں تو خودبخود تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ آج کی ہڑتال ایک دن کی کوشش ہے، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا،آج ہی تاجروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مال روڈ پر ملک گیر شٹرڈائون کے حوالے سے احتجاجی کیمپ کے دورے اور تاجر تنظیموں کے رہنمائوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعدادنے امیر جماعت کو آج کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ تاجر متحد ہیں، زندہ دلان لاہور کا اتفاق ہے کہ ہڑتال کو کامیاب کرائیں گے، جماعت اسلامی نے عوام کے ریلیف کے لیے دھرنا دیا اور حکومت کو معاہدے پر مجبور کیا، معیشت میں بہتری کے لیے جامع تجاویز دیں، ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ حکمران تجاویز سے ماننے والے نہیں، ریلیف کے لیے جدوجہد کرنا پڑے گی،اسی لیے ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک کو ازسرنو منظم کر رہے ہیں، قومی سطح پر پرامن مزاحمتی تحریک برپا کر یں گے،آج کی ہڑتال بھی پرامن ہو گی، تاجروں سے مشاورت کے بعد اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ ہڑتال کے سلسلے کو آگے کیسے لے کر جانا ہے، حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے صنعت تباہ اور معیشت و تجارت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، فیکٹریاں بند، لاکھوں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، عوام اب مزید ظلم برداشت نہیں کر سکتے، مکمل یکجہتی کا ثبوت دیں، ان شاء اللہ تمام صوبوں میں تاریخی شٹرڈائون ہو گا۔امیر جماعت نے اس موقع پر بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لسانی بنیاد پر چن چن کر لوگوں کا قتل اور ملک میں عدم استحکام اور نفرت پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد بلیک واٹر، امریکن سی آئی اے اور را کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھرپور کارروائی ہونی چاہیے، اگر اب تک نہیں ہوئی تو یہ حکومت کی کمزوری ہے، عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکمرانوں کی آئینی ذمے داری ہے، جماعت اسلامی نے سویلین نقصانات سے بچ کر غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے اور نفرتیں پھیلانے والے دہشت گردوں کے خلاف ہمیشہ کارروائی کی بات کی ہے، حکومت کو چاہیے کہ بلوچ لیڈر شپ کو اعتماد میں لے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، ضروری سمجھتے ہیں کہ انسانیت دشمن دہشت گردوں کا قلع قمع ہو اور عوام کے حقیقی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر امن کے لیے اقدامات کیے جائیں۔دریں اثنا امیر جماعت نے اسرائیل کے مسجد اقصیٰ کے اندر عبادت گاہ بنانے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا اب بھی مسلم دنیا کے حکمرانوں اور افواج کی آنکھیں بند رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل کا اعلان کسی صورت بھی قابل قبول نہیں، امت ایسے کسی بھی گھنائونے منصوبے کی مزاحمت کرے گی، اسرائیل ایک ناسور ہے جس کے بڑھتے قدموں کو روکنے کے لیے امت کو متحد ہونا پڑے گا، ناپاک صہیونی ایجنڈے کو صرف مزاحمت کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے