نیو یارک: اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی امدادی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کی نشان زد گاڑی پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی ہے، یہ اس کے باوجود کیا گیا کہ اسرائیلی فوج گاڑی کی نقل و حرکت سے بخوبی آگاہ تھی۔
اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے دس گولیاں فائر کیں۔ یہ فائرنگ گاڑی کی کھڑکیوں پر براہ راست کی گئی۔ تاہم گاڑی میں موجود کارکنوں کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔
ترجمان اقوام متحدہ نے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کا یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ رابطوں کا نظام کام نہیں کر رہا ہے۔ اسی لیے ہم اسرائیلی فوج کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
