English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انسانی حقوق کا ڈھول بجانے والے غزہ پر کیوں خاموش ہیں؟ اقوام متحدہ

غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دار السلاح میں بے گھر افراد گھروں کولوٹ رہے ہیں ،چھوٹی تصویر میں لوگ امدادی خوراک حاصل کر رہے ہیں

جنیوا /غزہ/تل ابیب/اقوام متحدہ/اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز+اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا ڈھول بجانے والے غزہ پر کیوں خاموش ہیں؟ اقوام متحدہ کے ادارے ‘اوچا’ کی قائم مقام سربراہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے شہری بھوکے ، پیاسے ، بیمار اور لاچار ہیں،انسانی جان کا احترام اور برابری کا راگ الاپنے والوں کی انسانیت اب کہاں کھو گئی،
اسرائیل کی پولیو ویکیسن پلانے کے لیے جنگ بندی کی تردید،فضائی کارروائی میں بلاگر شہید،اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام نے خوراک کی تقسیم روک دی۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے ‘اوچا’ کی قائم مقام سربراہ نے انسانی حقوق اور انسانی اقدار کے دعویدار ممالک اور اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے معاملے پر آپ کی انسانیت اب کہاں چلی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے اوچا کی قائم مقام سربراہ جوائس مسویا نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جنگ سے ہونے والی تباہ کاریوں پر آزادی ، انسانی احترام، برابری ، انسانی جان، توقیر اور انسانی حقوق کا ڈھول بجانے والے کہاں کھو گئے؟۔جوائس مسویا نے کہا کہ غزہ کے شہری بھوکے اور پیاسے ہیں، بیمار اور لاچار ہیں لیکن حالات یہ ہیں کہ ہم اس وقت وہاں 24 گھنٹوں سے زیادہ کی خوراک اور دیگر امدادی سامان کی فراہمی کا منصوبہ بنانے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کے گھر بمباری میں ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ ان کے پاس سر چھپانے کو بھی جگہ نہیں۔ اسپتال بھی تباہ ہیں۔ کیسے کیسے المیوں سے نبرد آزما ہیں۔ یاد رہے کہ جوائس مسویا کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ کے عالمی خوراک کے پروگرام نے غزہ میں اپنے ٹرک پر اسرائیلی فائرنگ کے بعد خوراک کی تقسیم روکنے کا اعلان کیا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کرنے کے لیے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی امریکی درخواست پر آمادہ ہو گیا ہے۔ادھر اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے ذیلی ادارے عالمی غذائی پروگرام کی گاڑی پر اسرائیلی حملے کے بعد غزہ میں اپنے عملے کی نقل و حرکت تا حکم ثانی روک دی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مغربی کنارے میں اسرائیل کی کارروائیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شنہوا کے مطابق ان کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کی تازہ ترین پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔مزید برآں حماس نے فلسطینی اتھارٹی کی سیکورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مزاحمتی قوتوں کے خلاف کارروائیاں بند کریں اور تمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کریں تاکہ وہ سرائیلی فوج کے خلاف لڑائی میں شامل ہو سکیں۔ دریں اثنا اسرائیل کی غزہ پر فضائی کارروائی میں غزہ کی صورت حال دکھانے والے بلاگر شہید ہوگئے، جنہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹس انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر مقبولیت حاصل ہوگئی تھی۔دوسری جانب آزادی اظہار کے عالمی ٹھیکیداروں نے فرینڈز آف فلسطین کے آفیشل واٹس ایپ نمبر کو بلاک کردیا۔ گروپ تحریک آزادی فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں کی جدوجہد اور اسرائیلی مظالم سے متعلق خبریں اور معلومات فراہم کرتا ہے۔بندش کے باعث معلومات کی رسائی و ترسیل عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے