جامشورو (نمائندہ جسارت) حالیہ برساتوں کے جاری اسپیل کے سلسلے میں سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا ضلع ہونے کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ کے (رین ایمرجنسی) راجویر سنگھ اور ایم پی اے ڈاکٹر سکندر شورو نے ٹاؤن چیئرمین بلال قادر شورو کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے آر بی بی کالونی کے علاوہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران راجویر سنگھ نے علاقوں سے برساتی پانی نکالنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات دیں، جبکہ جاری برساتی اسپیل کے موقع پرشہریوں نے علاقوں میں برساتی پا نی کی نکاسی کے معقو ل انتظامات نہ کرنے کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹاؤن انتظامیہ صرف روڈ، راستوں کو کلیر کرانے ہی پر توجہ مبذول کیے ہو ئے ہے، علاقے اور لوگوں کے گھر ڈوب گئے، گلیوں میں پانی بھرا ہوا ہے، اسکول کے طالب علموں سمیت نمازیوں اور کاروباری حضرات کو آنے جانے میں مشکلات ہو رہی ہیں، اس طرف نہ منتخب نمائندہ توجہ دے رہا ہے اور نہ ہی ٹاؤن انتظامیہ۔ دوسری جانب ٹاؤن چیئرمین بلال قادر شورو نے ٹاؤن آفیسر ارسلان دستگیر کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر شب و روز روڈ، راستوں اور علاقوں سے برساتی پانی نکالنے مصروف نظر آتے ہیں، اس دوران وہ اپنے ماتحت عملداروں کو بھی سخت ہدایا ت دیتے ہوئے انہیں جلد نشیبی علاقوں سے برساتی پانی نکال کر عوامی شکایات پر عوام کو ریلیف دینے کی ہدایات بھی دیتے ہیں، لیکن شہریوں کے اصل مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جارہی۔ برساتوں کے پرْجوش اسپیل جس کی وجہ سے سندھ کے مختلف علاقوں میں مسلسل برسات جاری ہے، لیکن خاطر خواہ انتظامات نہ ہونے کے باعث عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہیں، بجلی فراہمی کی تعطلی پرحیسکو واپڈا حکام حسبِ معمول فیڈر ٹرِپ کا بہانے تراشتے ہوئے اپنے آپ کو برَی الذِمہ قرار دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹاؤن چیئرمین بلال قادر شورو سے متعدد بار فون کر کے عوام کی مشکلات کے سلسلے میں صورت حال معلوم کرنے کی کوشش کی، لیکن انہوں نے فون اٹینڈ نہ کیا اور بعد ازاں فون ہی بند کر دیا۔
