کراچی: سمندری طوفان ‘اسنیٰ’ کے زیر اثر کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور ماہی گیروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔ سندھ کے اضلاع کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو اور دادو میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔
کراچی میں کئی شہری حفاظتی ہدایات اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ساحلوں پر جمع ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں سب سے زیادہ بارش 39 ملی میٹر قائد آباد میں ریکارڈ کی گئی۔
دیگر علاقوں میں بارش کے اعداد و شمار درج ذیل ہیں: سرجانی ٹاؤن (24 ملی میٹر)، کورنگی (18.4 ملی میٹر)، ناظم آباد (17 ملی میٹر)، نارتھ کراچی (16.5 ملی میٹر)، یونیورسٹی روڈ (16 ملی میٹر)، جناح ٹرمینل (16 ملی میٹر)، ایئرپورٹ (15 ملی میٹر)، ماڑی پور (13 ملی میٹر)، مسمیات (13 ملی میٹر)، گلشن معمار (11.8 ملی میٹر)، کیماڑی (8.8 ملی میٹر)، گلشن حدید (5 ملی میٹر)، گڈاپ (4.4 ملی میٹر)، اور صدر (1 ملی میٹر)۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں بارش کے اعداد و شمار: دادو (24 ملی میٹر)، سکھر (23 ملی میٹر)، روہڑی (22 ملی میٹر)، تھرپارکر (اسلام کوٹ 20 ملی میٹر، ڈیپلو اور کلوئی 3 ملی میٹر)، موہنجو داڑو (19 ملی میٹر)، لاڑکانہ (18 ملی میٹر)، خیرپور (17 ملی میٹر)، سکرنڈ (9 ملی میٹر)، شہید بینظیر آباد (9 ملی میٹر)، حیدرآباد (شہر 6 ملی میٹر، ایئرپورٹ 3 ملی میٹر)، چھور (5 ملی میٹر)، ٹنڈو جام (3 ملی میٹر)، پڈعیدن، ٹھٹھہ، بدین (2 ملی میٹر) اور جیکب آباد (1 ملی میٹر)۔
بلوچستان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، زیارت میں سب سے زیادہ 39 ملی میٹر، قلات میں 32 ملی میٹر، خضدار میں 30 ملی میٹر، مسلم باغ میں 20 ملی میٹر اور لورالائی میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

