لاہور: امیر بالاج قتل کیس کے ملزم طیفی بٹ کے بہنوئی کو فائرنگ کے ذریعے ہلاک کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ تھانہ اچھرہ کے علاقے مسلم ٹاؤن انڈر پاس کے قریب پیش آیا، جہاں مقتول محمد جاوید بٹ کو ایک کار پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ میں محمد جاوید بٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کی بیوی ثمینہ بٹ زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ جاوید بٹ کی بیٹی اس حملے میں محفوظ رہی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے فائرنگ کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جاوید بٹ اور ان کی بیوی ثمینہ اپنی پوتی اور پوتوں کو اسکول سے لینے جا رہے تھے کہ دو موٹر سائیکلز پر سوار چار مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران جاوید بٹ کو پانچ اور ثمینہ بٹ کو دو گولیاں لگیں۔ حملہ آوروں نے فائرنگ کے بعد گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے اچھرہ کی طرف فرار ہو گئے اور پھر ایف سی کالج کی طرف بھاگ گئے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کے محرکات کا پتہ لگانے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

